کیا تیسرے بچے پر بھی 365 دن کی رخصت ملے گی
چنئی: بھارتی ریاست تمل ناڈو کی حکومت نے سرکاری ملازم خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک بڑا اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے تیسرے بچے کی پیدائش پر بھی پورے 365 دن (ایک سال) کی زچگی کی چھٹی دینے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ریاستی حکومت کے اس فیصلے سے قبل جن خواتین کے پہلے سے دو بچے موجود ہوتے تھے، انہیں تیسرے بچے پر صرف 12 ہفتوں کی چھٹی ملا کرتی تھی۔ تاہم اب نئے فیصلے کے بعد پہلے تینوں بچوں کی پیدائش پر چھٹی کا دورانیہ مکمل طور پر یکساں (ایک ایک سال) ہو جائے گا۔
ریاستی وزیر برائے انسانی وسائل انتظامیہ ڈی سرتھ کمار نے اسمبلی میں اس تاریخی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی بہبود کے لیے حکومتی ویژن کا اہم حصہ ہے۔ اس حوالے سے جلد ہی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تمل ناڈو میں زچگی کی چھٹی کا دورانیہ 2011 میں 6 ماہ، 2016 میں 9 ماہ اور 2021 میں بڑھا کر 365 دن کیا گیا تھا۔