معروف ٹک ٹاکر کی قتل کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی
راولپنڈی: ٹیکسلا کے علاقے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی معروف ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ کے قتل کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے، جبکہ مقتولہ کے والد کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق شمسو بی بی گزشتہ تقریباً چار سال سے ٹک ٹاک پر سرگرم تھیں اور ان کے اکاؤنٹ پر تقریباً 13 لاکھ فالوورز تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار دو افراد کو گاڑی پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں شمسو بی بی کو گولیاں لگیں، جبکہ گاڑی بے قابو ہوکر ایک ڈمپر سے جا ٹکرائی، جس کے باعث ان کی 15 سالہ بہن بھی زخمی ہوگئی۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کو کاشف کاشی نامی شخص نے فون کرکے بلایا تھا، جس کے بعد وہ اپنی بہن اور بھائی کے ہمراہ گاڑی میں روانہ ہوئی۔ پولیس کے مطابق نجی پیٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شمسو بی بی کا کوثر اور جاوید عرف شاہین کے ساتھ لین دین کا تنازع تھا اور انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں بھی مل رہی تھیں۔ مقتولہ کے اہلخانہ کے مطابق انہوں نے متعدد بار ان دھمکیوں سے آگاہ کیا تھا۔
پولیس نے مقتولہ کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ویڈیو کا لنک