نوشکی: کلی مینگل میں فائرنگ، ماں اور بیٹی جاں بحق
: پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب نوشکی کے علاقے کلی مینگل میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتولین علی احمد محمد حسنی کی اہلیہ اور بیٹی تھیں۔ علی احمد مزدوری اور چوکیداری کے کام سے وابستہ ہیں اور واردات کے وقت گھر سے باہر تھے۔ واقعے کے وقت گھر میں ماں اور بیٹی کے علاوہ کوئی اور موجود نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق مقتول خاتون ایک نجی اسکول میں ملازمت کرتی تھیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر دونوں خواتین کی لاشیں میر گل خان نصیر ہسپتال منتقل کی گئیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین کے ورثا کی جانب سے تاحال مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست موصول نہیں ہوئی۔ صدر پولیس تھانے کے ایس ایچ او واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔