پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک
پنجگور: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اگست کو پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم برآمد ہوئے، جنہیں موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی مکمل ہونے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائی ملک میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔