مولانا فضل الرحمٰن کی کوئٹہ آمد،کوئٹہ میں اہم سیاسی بیٹھکیں شروع
کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اہم سیاسی اور تنظیمی دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ایئرپورٹ پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا۔
ایئرپورٹ پر استقبال کرنے والوں میں جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع، بلوچستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف (اپوزیشن لیڈر) یونس عزیز زہری، مرکزی و صوبائی عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کوئٹہ پہنچتے ہی مولانا فضل الرحمٰن نے پارٹی کے سینیئر رہنما ملک سکندر ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ کا رخ کیا اور ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنے اس دورہ کوئٹہ کے دوران جماعت کی صوبائی قیادت اور کارکنوں سے اہم ترین ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی صورتحال اور صوبے کی تنظیمی و سیاسی حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔