آئی سی سی نے اینٹی کرپشن کیس میں کھلاڑی پر 8 سال کی پابندی لگا دی
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کی شدید خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے امریکی کرکٹر بودوگم اخیلیش ریڈی پر 8 سال کی طویل پابندی عائد کر دی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق، امریکی کھلاڑی پر اینٹی کرپشن ضابطہ اخلاق کی تین مختلف شقوں کی خلاف ورزی کا جرم ثابت ہوا ہے۔ یہ تمام معملات ابوظبی ٹی ٹین لیگ 2025 کے دوران پیش آئے تھے، جہاں ان پر کرپشن سے متعلق ضوابط کو پامال کرنے کے سنگین الزامات لگائے گئے تھے۔
آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ اخیلیش ریڈی کی اس 8 سالہ پابندی کا باقاعدہ اطلاق 21 نومبر 2025 سے شمار کیا جائے گا۔ اس سزا کے تحت وہ آئی سی سی یا کسی بھی مربوط قومی کرکٹ بورڈ کی زیرِ نگرانی ہونے والی تمام تر کرکٹ سرگرمیوں، میچوں اور انتظامی امور میں شرکت کے لیے نااہل رہیں گے۔