دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام، واشک میں بارود، بم اور جدید اسلحہ پکڑا گیا
واشک: بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، فورسز نے واشک کے علاقے گریشہ میں دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا اور اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا بھاری اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ قبضے میں لے لیا گیا، جس میں 13 راکٹ گولے، 2 تیار شدہ آئی ای ڈی ڈیوائسز، ڈیٹونیٹرز، بم بنانے کا مواد اور شرپسندوں کے زیرِ استعمال 2 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
ترجمان سیکیورٹی حکام کے مطابق اس اقدام سے علاقے میں دہشت گردی کے ایک بڑے اور ممکنہ منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے میں مکمل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔