عالمی تناؤ ختم ہونے کا امکان، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی نے سب کو حیران کر دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، جس کے نتیجے میں کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس میں 2700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 78 ہزار 985 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 76 ہزار 94 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں ڈالر ایک پیسہ سستا ہو کر 277 روپے 79 پیسے کا ہوگیا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 4.15 ارب شیئرز کا کاروبار ہوا، جن کی مالیت 158 ارب روپے رہی، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 477 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 19 ہزار 755 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
عالمی سطح پر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان رہا، جاپان کا نکئی اور جنوبی کوریا کا کاسپی انڈیکس منفی جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ معمولی اضافے کے ساتھ مثبت زون میں رہا۔