ہم جیت رہے ہیں تو دھاندلی کا شور کیوں؟ مریم اورنگزیب کا بلاول بھٹو کو کرارا جواب
راولپنڈی: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر اپوزیشن بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے عائد کیے جانے والے دھاندلی کے الزامات کو سخت الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب ہم انتخابات میں فتح حاصل کر رہے ہیں تو بلاجواز دھاندلی کا شور مچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم نے کھلے دل سے مبارکباد دی تھی، مگر آج جب کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے تو انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں ووٹوں کے کاسٹ ہونے پر ایک دو غلط مہروں کا حوالہ دے کر پورا الیکشن شکوک و شبہات کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔
سینئر صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی نے پولنگ شروع ہوتے ہی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیے تھے اور صبح ساڑھے دس بجے ہی اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے پریس کانفرنس بلا لی۔ ایک ناخوشگوار واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کارکنوں کی ہاتھا پائی کے دوران ایک بزرگ شخص کو دل کا دورہ پڑا، لیکن پیپلز پارٹی نے اسے فائرنگ کا رنگ دے کر سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔ مریم اورنگزیب نے پیپلز پارٹی کو مشورہ دیا کہ وہ الزام تراشی کے بجائے سندھ میں اپنی کارکردگی بہتر بنائے کیونکہ عوام صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہی ووٹ دیتے ہیں۔