تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ جاری تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران باہمی عزت اور احترام کی بنیاد پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کے ساتھ اختلافات کو احترام اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے ختم کیا جاسکتا ہے۔
صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات اور بات چیت پر یقین رکھتا ہے اور اگر سفارتی کوششوں کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کیے جاسکتے ہیں تو جنگ کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران تنازعات کے پُرامن حل کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی قسم کی دھمکی، دباؤ یا طاقت کے استعمال کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔
ایرانی صدر کے مطابق مذاکرات اسی صورت بامقصد ہوسکتے ہیں جب فریقین ایک دوسرے کے حقوق اور خودمختاری کا احترام کریں۔
ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ اختلافات کے سفارتی حل کا امکان برقرار رکھنا چاہتا ہے، تاہم اپنے مؤقف سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ قبول کرنے کو تیار نہیں۔