مواد پر جائیں

کوئٹہ 24°C فجر 5:31 ظہر 12:16 عصر 4:02 مغرب 5:39 عشاء 7:01
آج کا ای پیپر ⁦9⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بین الاقوامی

اسرائیل میں حکومت سازی کا بحران، گادی آئزنکوٹ کو 28 دن کی مہلت

اسرائیلی صدر نے اپوزیشن رہنما کو نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ دے دیا، نیتن یاہو کے اتحادیوں کو بھی شمولیت کی دعوت، پارلیمانی اکثریت حاصل کرنا بڑا چیلنج

یروشلم: اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے سابق آرمی چیف اور اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کا باضابطہ مینڈیٹ دے دیا ہے، جس کے بعد اسرائیل میں نئی حکومت کے قیام کے لیے سیاسی رابطے تیز ہوگئے ہیں۔

اسرائیل میں حکومت سازی کا بحران، گادی آئزنکوٹ کو 28 دن کی مہلت

غیر ملکی خبر رساں اداروں اے ایف پی اور رائٹرز کے مطابق آئزنکوٹ کو حکومت سازی کے لیے 28 دن دیے گئے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر اس مدت میں مزید 14 دن کی توسیع کی جاسکتی ہے۔

مینڈیٹ ملنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے گادی آئزنکوٹ نے کہا کہ اسرائیل ایک سنگین سیاسی اور سفارتی بحران سے گزر رہا ہے اور ملک کو موجودہ صورت حال سے نکالنے کے لیے نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے قریبی اتحادی بھی اپنے تعلقات پر نظرثانی کی بات کررہے ہیں، جو ملک کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

نیتن یاہو کے اتحادیوں کو حکومت میں شمولیت کی دعوت

گادی آئزنکوٹ نے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور وزیر خزانہ بیزلیل سموترچ کی جماعت سمیت دیگر سیاسی قوتوں کو نئی حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، تاہم انہوں نے وزارتِ عظمیٰ اپنے پاس رکھنے کی شرط عائد کی ہے۔

دوسری جانب نیتن یاہو نے صہیونی جماعتوں پر مشتمل قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی تجویز پیش کی ہے، تاہم آئزنکوٹ کی قیادت میں حکومت کا حصہ بننے سے متعلق واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔

پارلیمان میں اکثریت حاصل کرنا بڑا چیلنج

اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ کے 120 ارکان ہیں اور حکومت سازی کے لیے عموماً کم از کم 61 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صدر سے مشاورت کے دوران آئزنکوٹ کو 67 ارکان کی حمایت کے اشارے ملے، جبکہ نیتن یاہو کے حق میں 46 ارکان سامنے آئے۔ تاہم آئزنکوٹ کی ممکنہ حمایت میں عرب جماعتیں بھی شامل ہیں، جن کی حکومت میں شمولیت پر بعض سیاسی جماعتوں کو اعتراض ہے۔

آئزنکوٹ کے سامنے عرب جماعتوں کی بیرونی حمایت سے حکومت بنانے، مذہبی یہودی جماعتوں کو اتحاد میں شامل کرنے یا نیتن یاہو کے ساتھ سیاسی سمجھوتے کے امکانات موجود ہیں۔

حکومت سازی میں مذہبی طلبہ کو لازمی فوجی خدمت سے استثنیٰ دینے کا معاملہ بھی ایک اہم رکاوٹ بن سکتا ہے، کیونکہ مختلف سیاسی جماعتیں اس مسئلے پر متضاد مؤقف رکھتی ہیں۔

فلسطینی ریاست اور غزہ سے متعلق آئزنکوٹ کا مؤقف

گادی آئزنکوٹ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد پر نیتن یاہو حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور غیر قانونی چوکیوں کے خاتمے کی حمایت کی ہے۔

تاہم فلسطینی ریاست کے قیام کے معاملے پر ان کا مؤقف نیتن یاہو سے زیادہ مختلف نہیں۔ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کرتے ہیں اور حماس کو غیر مسلح کرنے کے حامی ہیں۔

اگر آئزنکوٹ مقررہ مدت میں حکومت بنانے میں کامیاب نہ ہوئے تو دوسرے سیاسی رہنماؤں کو موقع مل سکتا ہے، جبکہ سیاسی تعطل برقرار رہنے کی صورت میں نئے انتخابات کا امکان بھی پیدا ہوسکتا ہے۔