کراچی: بن قاسم ٹاؤن میں حاملہ خاتون کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتولہ کے سابق شوہر اور اس کے ساتھی کے بعد ایک خاتون کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق 30 ستمبر کو اسٹیل مل روڈ جناح گیٹ کے قریب جھاڑیوں سے کشف جمال کی لاش ملی تھی۔ مقتولہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور وہ تقریباً چھ ماہ کی حاملہ تھی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی یاسر درانی سے شادی ہوئی تھی اور طلاق کے باوجود دونوں رابطے میں تھے۔ پولیس کے مطابق یاسر درانی نے اپنے ساتھی تیمور کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی کی۔ دونوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔
تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ واردات کے وقت یاسر درانی کی اہلیہ صبا بھی گاڑی میں موجود تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد لاش گاڑی کی عقبی نشست پر رکھ کر جناح گیٹ کے قریب جھاڑیوں میں پھینکی گئی۔
پولیس نے صبا کو بھی گرفتار کرلیا ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی سفید رنگ کی آلٹو کار اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کیس سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ممکنہ طور پر ملوث افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔