مواد پر جائیں

کوئٹہ 19°C فجر 5:13 ظہر 12:19 عصر 4:26 مغرب 6:05 عشاء 7:25
آج کا ای پیپر ⁦10⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بین الاقوامی

ایران نے 81 امریکی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ جنگ میں امریکا کا اصل نقصان ظاہر کیے گئے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ کے دوران 81 امریکی فوجی طیارے تباہ یا ناکارہ ہوئے، جبکہ امریکی فوج کو پہنچنے والا اصل نقصان اس سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

ایران نے 81 امریکی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا

عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ رواں سال مئی میں امریکی کانگریس کے تحقیقی ادارے نے 42 امریکی فوجی طیاروں کے نقصان کی نشاندہی کی تھی، تاہم تازہ رپورٹ میں یہ تعداد بڑھ کر 81 ہوگئی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) پر نقصانات کی مکمل تفصیلات ظاہر نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر امریکی فوجی اڈے محفوظ اور معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں تو امریکی سینیٹر کو ان کے معائنے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی؟

دوسری جانب امریکی کانگریس کے تحقیقی ادارے کی 5 اکتوبر کو جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق 28 فروری سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 81 امریکی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے تباہ ہونے یا نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 81 کی تعداد میں تباہ ہونے والے اور نقصان پہنچنے والے دونوں طرح کے طیارے شامل ہیں، اس لیے اسے تمام طیاروں کی مکمل تباہی کا مصدقہ عدد نہیں سمجھا جاسکتا۔

رپورٹ کے مطابق بعض متاثرہ طیارے مرمت کے بعد دوبارہ استعمال کے قابل بھی بنائے جاسکتے ہیں، جبکہ نقصانات کے اعداد و شمار میں مزید تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی حکام جنگ میں ہونے والے حقیقی نقصانات عوام سے چھپا رہے ہیں، تاہم ان کے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔