ہالی ووڈ اداکارہ نے غزہ کی تباہی سے پہلے اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کردیں، سردیوں سے قبل متاثرین کیلئے فوری امداد اور رہائش کا مطالبہ
واشنگٹن: معروف امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ ایک بار پھر وہاں کی سنگین انسانی صورتحال کی جانب مبذول کرائی ہے۔
انجلینا جولی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گوگل ارتھ کی تصاویر شیئر کیں جن میں غزہ کے مختلف علاقوں کی تباہی سے پہلے اور بعد کی صورتحال دیکھی جاسکتی ہے۔ تصاویر میں رفح، خان یونس اور غزہ سٹی کے کئی علاقے شامل ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ غزہ کے پورے پورے محلے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں جبکہ گھروں، اسکولوں، یونیورسٹیوں، اسپتالوں، سڑکوں اور پانی و نکاسی کے نظام سمیت بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ جائزے کے مطابق جون 2026 تک غزہ میں تقریباً 82 فیصد عمارتیں متاثر ہوچکی تھیں جبکہ ان میں سے تقریباً دو تہائی تباہ ہوچکی ہیں۔
انجلینا جولی نے سردیوں کی آمد سے قبل متاثرہ فلسطینیوں کیلئے محفوظ رہائش، ضروری انسانی امداد اور اسپتالوں کیلئے طبی سامان کی فوری فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے غزہ کے عوام کو اپنی زندگی اور بنیادی ڈھانچہ دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے ضروری وسائل فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب غزہ کی بحالی کیلئے بورڈ آف پیس نے ابتدائی چھ ماہ کے دوران 2 ارب 45 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم، رہائش اور دیگر شعبوں سے متعلق 66 منصوبے شامل ہیں۔