فلائی دبئی واقعے میں ایران کا تعلق نکلا تو سخت حملہ کریں گے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کو انتباہ، دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز کے معاون پائلٹ نے مبینہ طور پر کپتان پر حملہ کرکے طیارہ گرانے کی کوشش کی تھی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ثابت ہوا تو تہران کو انتہائی سخت امریکی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا فلائی دبئی کے معاون پائلٹ کے ایران سے ممکنہ تعلق کے بارے میں انہیں بریفنگ دی گئی ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ معاملے پر تحقیقات جاری ہیں اور انہیں ملنے والی معلومات ممکنہ ایرانی تعلق کی جانب اشارہ کرتی ہیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
ٹرمپ سے جب پوچھا گیا کہ اگر تحقیقات میں ایران کا کردار ثابت ہوگیا تو کیا امریکا جوابی کارروائی کرے گا، تو انہوں نے ایران کو انتہائی سخت ردعمل کی تنبیہ کی۔
واقعہ فلائی دبئی کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں پیش آیا تھا۔ تحقیقات کے مطابق عمانی معاون پائلٹ پر الزام ہے کہ اس نے دورانِ پرواز بھارتی کپتان پر حملہ کیا، جس کے بعد طیارے نے تیزی سے بلندی کھونا شروع کردی۔ مسافروں اور عملے کی مداخلت کے بعد صورتحال پر قابو پایا گیا اور طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔
متحدہ عرب امارات سمیت متعلقہ حکام واقعے کے محرکات اور ممکنہ دہشت گردی کے پہلو کی تحقیقات کررہے ہیں۔ اب تک ایران کے اس واقعے میں ملوث ہونے کی آزادانہ یا حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واقعے کے بعد فلائی دبئی نے تحقیقات کے دوران اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔