Tameerewatan
tameerewatan

پاکستان کی افغانستان میں بی ایل اے کے مبینہ میڈیا مرکز پر کارروائی، 9 افراد ہلاک

ہلمند کے ضلع گرمسیر میں مرکز پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیلئے استعمال ہونے کا دعویٰ، ہلاک افراد میں شیروان، حذیفہ، فاروق اور حضرت بلوچ شامل، سیکیورٹی ذرائع

اسلام آباد/ہلمند: سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان صوبے ہلمند کے ضلع گرمسیر میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے مبینہ میڈیا آپریشن سینٹر کے خلاف کارروائی میں تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مرکز کو تباہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی یکم اکتوبر کی صبح 4 بج کر 45 منٹ پر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ مرکز پاکستان مخالف پروپیگنڈا مواد تیار کرنے اور اسے پھیلانے کیلئے استعمال کیا جارہا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں شیروان، حذیفہ، فاروق اور حضرت بلوچ نامی افراد بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ کمپاؤنڈ ملا نادر کی ملکیت تھا، جسے نیمروز میں طالبان بارڈر فورس کا کمانڈر اور ہلمند و نیمروز میں بی ایل اے کا اہم سہولت کار قرار دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا الزام ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کیلئے استعمال ہورہی ہے اور مذکورہ افراد ایک طالبان کمانڈر کی مبینہ سرپرستی میں اس مرکز پر موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے نوجوانوں کو متاثر کرنے کیلئے مبینہ پروپیگنڈا سرگرمیاں پاکستان سے باہر افغانستان سے چلائی جارہی تھیں۔

تاہم کارروائی، ہلاکتوں اور مرکز کی نوعیت سے متعلق سیکیورٹی ذرائع کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے دہشت گرد عناصر اور ان کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More