سرکاری دفاتر کے چکر ختم کرنے کی تیاری، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ
پاکستان آسان خدمت مراکز کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کرنے کی ہدایت، پشاور اور بنوں میں نئے مراکز جبکہ مظفرآباد، گلگت اور اسکردو کے مراکز جلد فعال کرنے کا حکم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول کیلئے دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے بچانے کیلئے پاکستان آسان خدمت مراکز کا دائرہ کار ملک بھر میں وسیع کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان آسان خدمت سینٹر کی کارکردگی، توسیع اور مختلف علاقوں میں نئے مراکز کے قیام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تیز، شفاف اور معیاری سرکاری خدمات فراہم کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بنیادی سرکاری خدمات حاصل کرنے کیلئے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔ آسان خدمت مراکز کے ذریعے متعدد سرکاری سہولیات ایک ہی مقام پر بروقت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے اسلام آباد کے آسان خدمت سینٹر میں خدمات کی فراہمی کا وقت مزید کم کرنے، مرکز کی توسیع تیز کرنے اور ضرورت کے مطابق مختلف کاؤنٹرز پر عملے کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے مرکز کی کارکردگی کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے آسان خدمت مرکز میں جنوری سے ستمبر تک ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد درخواستوں پر کارروائی کی گئی جبکہ حکام کے مطابق 99.5 فیصد شہریوں نے فراہم کردہ خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مرکز میں مختلف خدمات کی فراہمی کا اوسط وقت 3 سے 10 منٹ بتایا گیا۔
وزیراعظم نے مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں زیر تکمیل مراکز پر کام تیز کرکے انہیں جلد فعال کرنے جبکہ پشاور اور بنوں میں بھی آسان خدمت مراکز کے قیام کیلئے فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے نجی شعبے کے تعاون سے ملک کے دیگر علاقوں تک بھی آسان خدمت مراکز کا نیٹ ورک بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ایک ہی جگہ مختلف سرکاری سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔