مواد پر جائیں

کوئٹہ 27°C فجر 5:09 ظہر 12:20 عصر 4:32 مغرب 6:12 عشاء 7:31
آج کا ای پیپر 4 اکتوبر 2026 پڑھیں
بلوچستان

کوئٹہ سے جدہ اور ایران کیلئے پروازیں شروع ہوں گی، گورنر بلوچستان

جعفر خان مندوخیل کا کوئٹہ سے تربت اور گوادر کیلئے بھی فضائی رابطے بڑھانے پر زور، پاک ایران تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف

کوئٹہ سے جدہ اور ایران کیلئے پروازیں شروع ہوں گی، گورنر بلوچستان

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے مطالبے پر کوئٹہ سے جدہ، ایران، تربت اور گوادر کے لیے پروازیں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تاجروں اور صنعتکاروں کو ایران اور وسطی ایشیائی ممالک کی منڈیوں تک بہتر رسائی دینے کے لیے فضائی رابطوں اور پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

گورنر بلوچستان نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 11ویں سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تاجر و صنعتکار برادری اور مختلف کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر ورکنگ ریلیشنز کو مزید بہتر بناتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تاجر برادری سنجیدہ اور قابلِ عمل تجاویز پیش کرے تو حکومت ان پر اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط، سرحدی تجارت اور کاروباری سہولیات کو مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔

گورنر بلوچستان کے مطابق چھوٹی صنعتوں کو تقویت دینے سے مقامی کھپت اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جبکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے سے بے روزگاری میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تجارت اور معیشت، بالخصوص سرحدی تجارت کو وسعت دینے کے لیے وفاقی حکومت، وفاقی وزیر تجارت اور ایران کے قونصل جنرل کے ساتھ مسلسل رابطے جاری ہیں۔

گورنر جعفر خان مندوخیل نے بتایا کہ کاروباری افراد کے لیے ویزا کے حصول کو آسان بنانے کی غرض سے کوئٹہ میں جیری ویزا کورئیر سروس کا دفتر بھی کھولا جا رہا ہے، جس سے تاجر برادری کو ویزا سہولیات کے حصول میں آسانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو خطے میں تجارت اور معاشی سرگرمیوں کا مؤثر مرکز بنانے کے لیے حکومت تاجر اور صنعتکار برادری کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کرے گی۔

اجلاس کے دوران گورنر بلوچستان نے سبکدوش ہونے والی کابینہ کی کارکردگی کو سراہا اور نئی کابینہ کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی، جبکہ چیمبر کی جانب سے انہیں گولڈ میڈل بھی پہنایا گیا۔