مواد پر جائیں

کوئٹہ 27°C فجر 5:09 ظہر 12:20 عصر 4:32 مغرب 6:12 عشاء 7:31
آج کا ای پیپر 4 اکتوبر 2026 پڑھیں
بلوچستان

شہریوں کا تحفظ اولین ذمہ داری، جرائم کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھیں، آئی جی بلوچستان

آئی جی پولیس محمد طاہر کا قلعہ سیف اللہ کا دورہ، امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ، یادگارِ شہداء پر حاضری بھی دی

شہریوں کا تحفظ اولین ذمہ داری، جرائم کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھیں، آئی جی بلوچستان

کوئٹہ: آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں پُرامن و جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنا بلوچستان پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، پولیس افسران اور اہلکار اپنے فرائض پوری ذمہ داری اور مستعدی سے سرانجام دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ کے دورے کے موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سہیل خالد، ایس ایس پی پشین کیپٹن (ر) نوید عالم سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

آئی جی پولیس بلوچستان کو علاقے کی مجموعی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محمد طاہر نے پولیس افسران کو شہریوں کے تحفظ، امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی جی بلوچستان نے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کے تحفظ اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔

قبل ازیں قلعہ سیف اللہ پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پولیس بلوچستان کو سلامی پیش کی۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔