مواد پر جائیں

کوئٹہ 26°C فجر 5:10 ظہر 12:20 عصر 4:31 مغرب 6:11 عشاء 7:30
آج کا ای پیپر 7 اکتوبر 2026 پڑھیں
بلوچستان

سرفراز بگٹی کا کوئٹہ کی سیکیورٹی کیلئے بڑا فیصلہ، 2900 کیمرے لگیں گے

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ کی منظوری، کوئیک رسپانس فورس کے نئے اسٹیشن بھی قائم ہوں گے

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی اور پولیسنگ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں 2,900 جدید نگرانی کے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

سرفراز بگٹی کا کوئٹہ کی سیکیورٹی کیلئے بڑا فیصلہ، 2900 کیمرے لگیں گے

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، پولیس اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ گرین ڈیجیٹل کوریڈور کے تحت 2,900 کیمرے نصب کیے جائیں گے، جبکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے کوئیک رسپانس فورس کے نئے اسٹیشن بھی قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں بلوچستان پولیس میں جاری اصلاحات اور محکمانہ احتساب سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق غیر حاضری اور فرائض میں غفلت پر 871 پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا جاچکا ہے، جبکہ مختلف شخصیات کے ساتھ تعینات 1,005 اہلکار واپس پولیس محکمے میں بلا لیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے اہلکاروں کو جدید تربیت، ضروری آلات اور مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پولیس کو دہشت گردی کے خلاف میدان میں اتارا گیا ہے تو حکومت اس کی مکمل سرپرستی بھی کرے گی اور پولیس و سیکیورٹی فورسز کی استعداد بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس میں نظم و ضبط اور احتساب پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کا مقصد ادارے کو مضبوط، جوابدہ اور عوام دوست بنانا ہے۔

سرفراز بگٹی نے غیر ترقیاتی اخراجات پر قابو پانے اور دستیاب وسائل عوامی فلاح پر خرچ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کا محور عام شہری کا تحفظ، سہولت اور معیارِ زندگی بہتر بنانا ہونا چاہیے۔