کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کنٹریکٹ ملازمین کے لیے نئی قانون سازی کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت ملازمین کو پنشن کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ بھرتیوں اور برطرفیوں کے نظام میں اہم تبدیلیاں متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق بلوچستان ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے کنٹریکٹ ملازمین کے حوالے سے قانون سازی کی اور اس سلسلے میں باقاعدہ ایکٹ منظور کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کنٹریکٹ بنیادوں پر اساتذہ کی بھرتیوں کا نظام متعارف کرایا، جس کے نتیجے میں آج بلوچستان کے 99 فیصد اسکول کھلے ہیں اور اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق حکومت اب کنٹریکٹ پالیسی میں مزید قانونی اصلاحات متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جن میں ملازمین کے لیے پنشن کی سہولت بھی شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئی پالیسی میں ملازمین کی بھرتی اور برطرفی دونوں کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا تاکہ سرکاری اداروں میں کارکردگی اور جواب دہی کو بہتر بنایا جاسکے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جو ملازم اپنی ذمہ داریاں درست انداز میں ادا نہیں کرے گا، اسے ملازمت سے برطرف کرنے کا طریقہ کار بھی آسان بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد سرکاری اداروں میں میرٹ کو فروغ دینا اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔