راولپنڈی: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجرباتی لانچ کیا ہے، جس کے دوران میزائل کی اہم تکنیکی صلاحیتوں اور مختلف ذیلی نظاموں کی بھی توثیق کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-4 کا توسیع شدہ ورژن جدید ایویانکس اور نیوی گیشنل معاون نظام سے لیس ہے، جس کے باعث یہ طویل فاصلے پر موجود اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تجرباتی لانچ کے دوران میزائل کی درستگی اور نظام کی بقا کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے شامل کیے گئے مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی پیرامیٹرز کو بھی جانچا گیا، جن کی کامیابی سے توثیق ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ میزائل نظام تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح-4 کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ ماہرین کو مبارکباد دی اور ان کی تکنیکی مہارت اور کوششوں کو سراہا۔
فتح-4 کے کامیاب تجربے کو پاکستان کی مقامی دفاعی ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیاروں کے نظام تیار کرنے کی صلاحیت میں ایک اور اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔