انڈر پاس، 6 لین سروس روڈ، سفاری پارک اور گرین سٹی منصوبوں پر کام جاری، 31 دسمبر تک پلاسٹک فری اور کیش لیس اسلام آباد کا ہدف
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد کو زیادہ خوبصورت، جدید اور بہتر سہولیات والا شہر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اسلام آباد انڈر پاس منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ ایکسپریس وے کی سروس لین کو 6 لین کیا جا رہا ہے۔ منصوبوں کی تکمیل کے بعد راولپنڈی سے اسلام آباد کا سفر آسان ہوگا اور سفر کا دورانیہ 16 سے 18 منٹ تک رہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کو پلاسٹک فری بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ قوانین پہلے سے موجود ہیں، تاہم اصل چیلنج ان پر مؤثر عملدرآمد ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد کو کیش لیس سٹی بنانے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ شہر کو مزید سرسبز بنانے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ ایف نائن پارک میں ہائیکنگ ٹریک کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، جبکہ ساڑھے 650 ایکڑ رقبے پر ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک بنانے کا منصوبہ بھی زیرِعمل ہے۔ ایف نائن پارک کے حجم کا ایک اور پارک بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مدت مکمل ہونے تک اسلام آباد کو تین گنا زیادہ گرین بنانے کا ہدف ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق گزشتہ 20 سے 25 برس کے دوران اسلام آباد کی آبادی تقریباً تین گنا بڑھی لیکن اس تناسب سے ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ موجودہ منصوبوں کو آئندہ 20 سال کی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جا رہا ہے۔
- انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں زمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کا کام بھی جاری ہے اور اسے دسمبر تک مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
محسن نقوی نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں کی کارکردگی کو بھی دیکھیں اور یہ جائزہ لیں کہ نمائندے عوامی مسائل کے حل کے لیے کتنا وقت دے رہے ہیں۔