واشنگٹن: سوشل میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ایک غیر معمولی دعویٰ تیزی سے گردش کر رہا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے پاس ٹرمپ کی ایسی آڈیو ریکارڈنگز موجود ہیں جن میں وہ آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے ایرانی حکام کی منتیں کرتے اور روتے سنائی دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی حکام جلد امریکی صدر کے متعدد صوتی پیغامات منظرعام پر لائیں گے، جن میں ٹرمپ پہلے درخواستیں کرتے ہیں، پھر دھمکیاں دیتے ہیں اور مبینہ طور پر رشوت کی پیشکش بھی کرتے ہیں۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ امریکی صدر 3 نومبر کے انتخابات سے قبل آبنائے ہرمز کھلوانا چاہتے ہیں تاکہ امریکا میں پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو کم کیا جاسکے۔
تاہم اس دعوے کی حقیقت سامنے آنے پر معلوم ہوا کہ یہ خبر درست نہیں۔ دستیاب شواہد کے مطابق ایرانی حکومت یا پاسدارانِ انقلاب نے ایسی کسی آڈیو کی موجودگی یا اسے جاری کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔
تحقیق سے پتا چلا کہ یہ دعویٰ دراصل ایک طنزیہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شروع ہوا تھا، جو مزاحیہ اور فرضی سیاسی مواد شائع کرتا ہے۔ بعد ازاں متعدد صارفین نے اسے حقیقی خبر سمجھ کر آگے پھیلا دیا۔
یوں امریکی صدر کے رونے، منتیں کرنے اور ایران کو رشوت کی پیشکش سے متعلق وائرل دعویٰ بے بنیاد ثابت ہوا، جبکہ ایسی کسی آڈیو کے وجود کا بھی کوئی مستند ثبوت سامنے نہیں آیا۔