بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل، دوسرے مرحلے میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز اور اسٹارٹ اپس کی تربیت دی جائے گی
کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے خصوصی اقدامات برائے نوجوانان کے تحت محکمہ امور نوجوانان حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے تربیت حاصل کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کی سرپرستی میں جاری اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر صوبے کے دو ہزار سے زائد نوجوانوں کو دو مراحل میں تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں نوجوانوں کے لیے چار روزہ تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جن میں کمیونیکیشن اور انٹرپرسنل اسکلز، لیڈرشپ، انٹرپرینیورشپ، کیریئر کاؤنسلنگ، سی وی رائٹنگ اور موک انٹرویوز سمیت روزگار اور عملی زندگی سے متعلق اہم مہارتوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
یہ تربیتی سرگرمیاں کوئٹہ، پنجگور، لورالائی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، نوشکی، پشین، گوادر، پسنی، تربت، قلات، لسبیلہ، خاران، خضدار اور حب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منعقد کی گئیں۔
محکمہ امور نوجوانان کے مطابق تربیت کے لیے ماہر اور تجربہ کار ٹرینرز کی خدمات حاصل کی گئیں، جنہوں نے نوجوانوں کو نظریاتی معلومات کے ساتھ عملی مشقوں، کیریئر پلاننگ، بہتر سی وی کی تیاری اور ملازمت کے انٹرویوز کا سامنا کرنے کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی۔
پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ اور انہیں روزگار، کاروبار اور مستقبل کے بہتر مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔
بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز اور اسٹارٹ اپس کی تربیت دی جائے گی۔ اس مرحلے میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، کاروباری منصوبہ بندی اور نئے کاروبار کے آغاز سے متعلق عملی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
محکمہ امور نوجوانان نے پہلے مرحلے کی تکمیل کو بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق پیشہ ورانہ اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔