مواد پر جائیں

کوئٹہ 26°C فجر 5:09 ظہر 12:20 عصر 4:32 مغرب 6:12 عشاء 7:31
آج کا ای پیپر 4 اکتوبر 2026 پڑھیں
بین الاقوامی

فلائی دبئی واقعہ، عمانی معاون پائلٹ کو سزائے موت دیے جانے کا امکان

ابوظہبی: اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں کپتان پر حملہ کرکے طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی مبینہ کوشش کرنے والے عمانی معاون پائلٹ حمام الحمامی کو متحدہ عرب امارات میں سزائے موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

فلائی دبئی واقعہ، عمانی معاون پائلٹ کو سزائے موت دیے جانے کا امکان

اسرائیلی میڈیا نے ایک سینئر اماراتی ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اماراتی حکام ملزم کیلئے سخت ترین ممکنہ سزا چاہتے ہیں، جس میں سزائے موت بھی شامل ہوسکتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی عدالتی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

واقعہ 30 ستمبر کو فلائی دبئی کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز FZ1073 میں پیش آیا تھا۔ اماراتی اٹارنی جنرل کے مطابق معاون پائلٹ نے کاک پٹ میں موجود ہنگامی کلہاڑی سے کپتان پر حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی، جسے اماراتی حکام نے دہشت گردی کی کوشش قرار دیا ہے۔

طیارے میں 170 سے زائد مسافر اور عملے کے ارکان موجود تھے۔ مسافروں اور عملے نے معاون پائلٹ کو قابو کرلیا، جس کے بعد ایک ریزرو پائلٹ نے طیارے کا کنٹرول سنبھالا اور اسے سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اتار لیا۔ ملزم کو بعد ازاں متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا۔

اماراتی حکام واقعے کے محرکات، ممکنہ روابط اور ڈیجیٹل و دیگر شواہد کی تحقیقات کررہے ہیں، جبکہ ابھی ملزم کے خلاف حتمی عدالتی کارروائی اور سزا کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔