امریکا یا اسرائیل نے کسی علاقائی ملک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کی تو اس بار جواب مختلف ہوگا، ایرانی وزارت خارجہ
تہران: ایران نے پڑوسی اور علاقائی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا تنصیبات کو مستقبل میں ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی کیلئے استعمال ہونے کی اجازت نہ دیں، بصورت دیگر تہران کا ردعمل پہلے سے مختلف ہوگا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ خطے کے ان ممالک کو اپنے اقدامات پر نظرثانی کرنا ہوگی جن کی سرزمین یا سہولیات حالیہ تنازع کے دوران امریکا اور اسرائیل کے زیر استعمال رہی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی گئی اور اس مقصد کیلئے کسی پڑوسی یا علاقائی ملک کی سرزمین استعمال ہوئی تو ایران کا ردعمل ماضی سے مختلف ہوگا۔
ایرانی ترجمان نے علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ اچھے ہمسایہ تعلقات کے اصولوں کو مدنظر رکھیں اور اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی گئی تو تہران پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ جواب دے گا، تاہم انہوں نے تنازع کے خاتمے کیلئے مذاکرات کو واحد راستہ بھی قرار دیا ہے۔