پشاور: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت خیبر پختونخوا میں دہشت گرد عناصر اور ان کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے بیرونی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔