مواد پر جائیں

کوئٹہ 16°C فجر 5:13 ظہر 12:19 عصر 4:26 مغرب 6:05 عشاء 7:25
آج کا ای پیپر ⁦10⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ وفاقی حکومت کی اہم تیاری

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا، وفاقی وزرا کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت، صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کی تجویز زیر غور

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے اہم مشاورت شروع کردی ہے، جبکہ صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ سے متعلق فیصلوں کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ وفاقی حکومت کی اہم تیاری

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں اہم وفاقی وزرا اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور وزارت داخلہ کے حکام صوبے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے بعض اہم اختیارات وفاق کے سپرد کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 تک کی متعلقہ شقوں پر بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ کسی ممکنہ اقدام کے قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس بھی پیش کی جاسکتی ہیں۔

اگر خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔

تاہم صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کا تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا اور اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔