مواد پر جائیں

کوئٹہ 26°C فجر 5:10 ظہر 12:20 عصر 4:31 مغرب 6:11 عشاء 7:30
آج کا ای پیپر 7 اکتوبر 2026 پڑھیں
بلوچستان

بلوچستان پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، 1067 ملزمان گرفتار، 8 مغوی بازیاب

صوبے کی 9 رینجز میں خصوصی مہم کے دوران اسلحہ، منشیات، مسروقہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد، 2510 گاڑیوں سے کالے شیشے بھی اتار دیے گئے

کوئٹہ: بلوچستان پولیس نے صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر، اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران 1067 ملزمان کو گرفتار جبکہ 8 مغویوں کو بازیاب کرالیا۔

بلوچستان پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، 1067 ملزمان گرفتار، 8 مغوی بازیاب

پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایت پر کوئٹہ سمیت صوبے کی 9 رینجز میں جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔

خصوصی مہم کے دوران مختلف کارروائیوں میں اسلحہ رکھنے والے 135 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 122 پسٹل، 4 کلاشنکوف، 8 رائفل/شارٹ گن، 787 گولیاں اور 70 میگزین برآمد کیے گئے۔

منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 94 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 90 کلو 771 گرام چرس، 12 کلو 625 گرام آئس، 4 کلو 20 گرام افیون، 285 گرام کرسٹل، 5 کلو 640 گرام بھنگ، 600 گرام ہیروئن اور شراب کی 36 بوتلیں برآمد کی گئیں۔

پولیس نے کارروائیوں کے دوران 3 مسروقہ گاڑیاں، 20 موٹر سائیکلیں اور 12 موبائل فونز بھی برآمد کیے، جبکہ دفعہ 550 کے تحت 8 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیا گیا۔

ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے دوران 2510 گاڑیوں سے کالے شیشے بھی اتارے گئے۔

بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان برقرار رکھنے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور عوامی شکایات پر بروقت کارروائی یقینی بنائیں۔