مواد پر جائیں

کوئٹہ 16°C فجر 5:13 ظہر 12:19 عصر 4:26 مغرب 6:05 عشاء 7:25
آج کا ای پیپر ⁦10⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، پاکستان کا سعودی عرب کیلئے اہم اعلان

وزیراعظم شہباز شریف اور دفتر خارجہ کی حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت، سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کی مکمل حمایت کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ریاض ایئرپورٹ پر حملہ، پاکستان کا سعودی عرب کیلئے اہم اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ ایسے حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے مضبوط عزم پر قائم ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ نے بھی ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہری ہوائی اڈوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں۔ عالمی برادری کو ایسے حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے اور ان کی فوری روک تھام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے شہریوں، شہروں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف حملے فوری طور پر بند کرے اور خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرنے سے گریز کرے۔

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم رہے گا۔

ریاض کے ہوائی اڈے پر حملے کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔