پی ٹی آئی لانگ مارچ اور مذاکرات کی ناکامی کے بعد سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر مشاورت ہوگی، مختلف آئینی آپشنز بھی زیر غور آنے کا امکان
اسلام آباد: خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال اور پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے جلد دوبارہ ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، جس میں صوبے کی سیاسی، آئینی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے لانگ مارچ کے معاملے پر اختیار کیے گئے مؤقف، صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور وفاقی حکومت کی ممکنہ حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم اور صدر کو خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیے جانے کا بھی امکان ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے ممکنہ سیاسی و سیکیورٹی اثرات پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد آئندہ سیاسی حکمت عملی بھی ملاقات کے اہم نکات میں شامل ہوگی۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا کے حوالے سے ممکنہ آئینی اقدامات کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے، جبکہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف آئینی آپشنز بھی زیر بحث آسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ گورنر راج یا ایمرجنسی جیسے کسی ممکنہ اقدام پر فیصلہ صدر، وزیراعظم اور متعلقہ حکام کے درمیان مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔
وفاقی سطح پر صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے، لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی غور متوقع ہے۔