مواد پر جائیں

کوئٹہ 27°C فجر 5:09 ظہر 12:20 عصر 4:32 مغرب 6:12 عشاء 7:31
آج کا ای پیپر 4 اکتوبر 2026 پڑھیں
پاکستان

24 سال بعد نئی قومی ہاؤسنگ پالیسی جاری، بے گھر افراد کیلئے اہم منصوبہ بندی

نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار، حکومت کا رہائش کے مسائل کے حل اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں پر توجہ دینے کا اعلان

24 سال بعد نئی قومی ہاؤسنگ پالیسی جاری، بے گھر افراد کیلئے اہم منصوبہ بندی

اسلام آباد , وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے 24 سال بعد نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا باضابطہ اجراء کر دیا، جسے ملک میں رہائش کے مسائل سے نمٹنے، بے گھر افراد کے لیے چھت کی فراہمی اور پائیدار شہری ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

نئی قومی ہاؤسنگ پالیسی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہے۔ اس کے اجراء کی تقریب نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد میں عالمی یومِ آبادکاری کے موقع پر یو این ہیبی ٹیٹ کے تعاون سے منعقد ہوئی۔

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ تقریب کے مہمانِ خصوصی جبکہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اعزازی مہمان تھے۔ تقریب میں ماہرینِ تعلیم، محققین، ہاؤسنگ سیکٹر سے وابستہ شخصیات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے اور رہائش کے شعبے کو درپیش موجودہ مسائل کا حل مشترکہ ایکشن پلان کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کا اجراء ہاؤسنگ سیکٹر کے چیلنجز سے نمٹنے کی جانب اہم پیش رفت ہے، تاہم اس کے مؤثر نفاذ کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ماحول دوست اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی قومی ہاؤسنگ پالیسی بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے اور متعلقہ اداروں کو دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پالیسی پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کرنا ہوگا۔ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا کامیاب نفاذ ملک میں رہائش کے مسائل سے نمٹنے کے ساتھ پائیدار شہری ترقی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔