اسلام آباد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے دوران اپوزیشن قیادت نے مذاکرات کے لیے اہم شرط سامنے رکھ دی ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قائدین حزب اختلاف نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کو مذاکرات کے لیے ضروری قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور حکومت کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے مذاکرات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حالیہ مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے تھے، جبکہ اپوزیشن قیادت عمران خان سے ملاقات کو سیاسی معاملات کے حل کے لیے اہم قرار دے رہی ہے۔