مواد پر جائیں

کوئٹہ 21°C فجر 5:13 ظہر 12:19 عصر 4:26 مغرب 6:05 عشاء 7:25
آج کا ای پیپر ⁦10⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر، وزیر پیٹرولیم کا بڑا اعتراف

علاقائی کشیدگی سے تیل کی عالمی سپلائی متاثر، عوام کی مشکلات کا احساس ہے، علی پرویز ملک کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں ڈیزل کبھی اتنا مہنگا نہیں ہوا جتنا اس وقت ہے۔ حکومت کو بخوبی اندازہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر، وزیر پیٹرولیم کا بڑا اعتراف

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس مصطفیٰ محمود کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیر پیٹرولیم نے عالمی منڈی کی صورت حال، تیل کی سپلائی اور قیمتوں کے تعین سے متعلق اراکین کو بریفنگ دی۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی پریشانیوں سے آگاہ ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین شفاف طریقے سے کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران رکن کمیٹی سید نوید قمر نے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر سوالات اٹھائے، جس پر وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ لیوی کے اہداف بجٹ کا حصہ ہیں اور بین الاقوامی مالیاتی شراکت داروں کی مشاورت کے بغیر ان میں تبدیلی ممکن نہیں۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی 80 روپے تک وصول کی جا رہی ہے۔

رکن کمیٹی معین عامر پیرزادہ نے بڑھتی قیمتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیر پیٹرولیم نے مزید بتایا کہ ملک کی پانچ میں سے چار ریفائنریوں کے ساتھ یورو فائیو معیار کا ایندھن تیار کرنے کے معاہدے ہو چکے ہیں، جبکہ پانچویں ریفائنری سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اوگرا کرتا ہے۔ حکومت تیل کی سپلائی بہتر بنانے، نظام کو ڈیجیٹل کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت ایندھن کی فراہمی برقرار رکھنے اور عوام کو ممکنہ حد تک سہولت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔