

کوئٹہ جناح ایلیٹ اسکول کے طلبہ وطالبات نے بلوچستان صوبائی اسمبلی کا خصوصی تعلیمی دورہ کیا، جہاں انہیں اسمبلی کے براہِ راست اجلاس کی کارروائی دیکھنے اور صوبے کے پارلیمانی نظام کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔
اس تعلیمی دورے کا مقصد طلبہ کو جمہوری اداروں، قانون سازی اور پارلیمانی امور سے عملی طور پر روشناس کرانا تھا۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد سرگرمی تھی، جس میں طلبہ نے پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرکے پارلیمانی کارروائی کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔
دورے کے دوران طلبہ و طالبات نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور ان کے ہمراہ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر طلبہ کو اپوزیشن لیڈر میر یونس لہڑی کے ساتھ خصوصی نشست کا موقع بھی ملا۔
اس تعلیمی سرگرمی نے طلبہ کو نصابی تعلیم سے ہٹ کر عملی مشاہدے اور تجربے کا موقع فراہم کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد نئی نسل میں سیاسی و جمہوری شعور اجاگر کرنا اور انہیں صوبائی اداروں کے کردار اور اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔
جناح ایلیٹ اسکول کا یہ اقدام طلبہ کی عملی تربیت اور تعلیمی سرگرمیوں میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو نوجوان نسل کو مستقبل میں ذمہ دار اور باشعور شہری بننے کی ترغیب دے سکتا ہے۔