مواد پر جائیں

کوئٹہ 15°C فجر 5:13 ظہر 12:19 عصر 4:26 مغرب 6:05 عشاء 7:25
آج کا ای پیپر ⁦10⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بلوچستان

بلوچستان پولیس کے اہلکاروں کیلئے تعلیم اور علاج میں بڑی رعایتوں کا اعلان

پولیس شہدا کے بچوں کی ٹیوشن فیس مکمل معاف، دیگر اہلکاروں کے بچوں کو 30 فیصد جبکہ طبی ٹیسٹوں پر 40 فیصد تک رعایت ملے گی

کوئٹہ: بلوچستان پولیس نے اپنے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے دو اہم معاہدوں پر دستخط کردیے ہیں، جن کے تحت اسکول فیس اور علاج معالجے کے اخراجات میں خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔

بلوچستان پولیس کے اہلکاروں کیلئے تعلیم اور علاج میں بڑی رعایتوں کا اعلان

بلوچستان پولیس اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن الائنس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق حاضر سروس اور وفات پا جانے والے پولیس ملازمین کے بچوں کو ٹیوشن فیس میں 30 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ پولیس شہدا کے بچوں کی ٹیوشن فیس مکمل طور پر معاف ہوگی۔

معاہدے کے تحت داخلہ فیس، امتحانی فیس اور دیگر تعلیمی اخراجات میں بھی اضافی رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر طاہر علاء الدین نے کہا کہ معاہدے کا مقصد پولیس اہلکاروں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور ان کے خاندانوں پر تعلیمی اخراجات کا بوجھ کم کرنا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان پولیس نے کارپوریٹ ہیلتھ سروسز (سی ایچ ایس) کے ساتھ بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو مختلف طبی سہولیات رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔

معاہدے کے مطابق ریڈیالوجی اور دیگر تشخیصی ٹیسٹوں پر 40 فیصد تک جبکہ سی ایچ ایس کے پینل میں شامل اسپتالوں کے بلوں پر 10 فیصد تک رعایت حاصل ہوگی۔

پولیس اہلکاروں، ان کے والدین اور خاندان کے افراد کے لیے ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈز بھی جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے طبی سہولیات تک رسائی آسان بنائی جائے گی۔

طبی پیکج میں رعایتی او پی ڈی، ماہر ڈاکٹروں سے مشاورت، میڈیکل کیمپس، ویکسینیشن، فرسٹ ایڈ ٹریننگ، ہنگامی طبی امداد اور فارمیسی سروسز پر خصوصی رعایتیں بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ کے تعاون سے مخصوص مراکز پر ڈرگ اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر طاہر علاء الدین نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود محکمے کی ترجیحات میں شامل ہے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں کیے گئے یہ معاہدے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو مالی ریلیف فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس اپنے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی جاری رکھے گی۔