سٹی نالے سے 150 سے زائد منشیات کے عادی افراد کو تحویل میں لے کر علاج اور بحالی کے لیے بحالی مرکز منتقل کردیا گیا
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منشیات کے خاتمے اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے خصوصی کارروائی کی گئی، جس کے دوران 150 سے زائد افراد کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے ’’ڈرگ فری کوئٹہ‘‘ اقدام کے تحت پولیس اور محکمہ سماجی بہبود نے مشترکہ طور پر سٹی نالے میں آپریشن کیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران سٹی نالے میں موجود 150 سے زائد بے گھر اور منشیات کے عادی افراد کو حفاظتی تحویل میں لے کر محکمہ سماجی بہبود کے منشیات سے بحالی کے مرکز منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں علاج، دیکھ بھال اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس اقدام کا مقصد منشیات کے عادی افراد کو علاج کے ذریعے معمول کی زندگی کی طرف واپس لانا اور کوئٹہ کو منشیات سے پاک بنانے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔