واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ قیادت کے بارے میں سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت یہ واضح نہیں کہ ملک کے معاملات کون چلا رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی قیادت اور دوسری صف کے کئی رہنما اب موجود نہیں اور ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ایران میں اس وقت فیصلے کون کر رہا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ ایران کی دوسری صف کی قیادت سے کن افراد کی بات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ اس سے قبل امریکی مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہہ چکی ہے کہ واشنگٹن اچھی طرح جانتا ہے کہ ایران میں فیصلہ سازی کا نظام کس طرح کام کرتا ہے اور اسے کس سے رابطہ کرنا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق مسئلہ ایران کی قیادت کا نہیں بلکہ امریکی حکام کے متضاد بیانات کا ہے۔
ٹرمپ کا تازہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی جاری ہے اور مستقبل کے مذاکرات میں ایرانی فیصلہ سازی اور قیادت کا معاملہ بھی زیر بحث ہے۔