تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے میزائل اور دفاعی شعبے سے طویل عرصے سے وابستہ مہرداد اخلاقی کتابچی کو ملک کا نیا وزیر دفاع نامزد کردیا ہے۔
مہرداد اخلاقی کتابچی کی نامزدگی باضابطہ طور پر ایرانی پارلیمنٹ کو بھیج دی گئی ہے، جہاں انہیں وزارت دفاع کا منصب سنبھالنے کے لیے ارکان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔
اخلاقی کتابچی ایران کی دفاعی صنعت میں مختلف اہم عہدوں پر کام کرچکے ہیں اور ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن کی سربراہی بھی کرچکے ہیں۔ وہ شہید باقری انڈسٹریل گروپ کے سربراہ بھی رہے، جس کا تعلق ایران کے میزائل پروگرام سے جوڑا جاتا رہا ہے۔
ان کا نام ایران کے میزائل اور دفاعی پروگرام سے وابستہ سرگرمیوں کے باعث مختلف بین الاقوامی پابندیوں کی فہرستوں میں بھی شامل رہا ہے۔
ایران کی وزارت دفاع سابق وزیر دفاع عزیز ناصرزادہ کی امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاکت کے بعد سے قائم مقام انتظام کے تحت چلائی جارہی تھی۔
پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے کی صورت میں مہرداد اخلاقی کتابچی باضابطہ طور پر ایران کے نئے وزیر دفاع کا منصب سنبھال لیں گے۔