واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ایسے میزائل تیار کرلیے ہیں جو یورپ کے علاوہ سان ڈیاگو، لاس اینجلس اور امریکا کے دیگر شہروں تک پہنچ سکتے ہیں۔
امریکی ریاست مسیسیپی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی، بلکہ ان کے بقول ایران نے امریکا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا۔
امریکی صدر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے معاشی اثرات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اس سے کہیں زیادہ اضافہ ہوگا اور وہ اس صورتحال کے لیے پہلے سے تیار تھے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پہلے کیا جانا چاہیے تھا۔
جنگ بندی کے بارے میں امریکی صدر نے کہا کہ انہیں یہ انتظام کبھی زیادہ پسند نہیں آیا۔ ان کے مطابق امریکا نے جنگ بندی کے ذریعے اچھا بننے کی کوشش کی، تاہم ان کے خیال میں اس سے وقت ضائع ہوا۔
ایرانی میزائلوں کی امریکی شہروں تک پہنچنے کی صلاحیت سے متعلق ٹرمپ کے دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ اس سے قبل میزائل ماہرین بھی اس بارے میں ان کے دعوؤں سے اختلاف کر چکے ہیں۔