مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات میں تقریباً 90 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا اتحاد حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت سے پیچھے ہے۔
ابتدائی نتائج کے مطابق 120 رکنی پارلیمان میں نیتن یاہو کے اتحاد کو 53 اور گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد کو 48 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ حکومت سازی کے لیے 61 نشستیں درکار ہیں۔
عرب جماعتوں کے مشترکہ اتحاد کو 12 اور راعم کو 7 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔ ان کی مجموعی 19 نشستیں فیصلہ کن ہوسکتی ہیں، تاہم اپوزیشن کی بیشتر جماعتیں ان کے ساتھ حکومت بنانے کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔
نیتن یاہو کی لیکود 26 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بننے کی پوزیشن میں ہے، جبکہ آئزن کوٹ کی یاشار کو 21 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
آئزن کوٹ نے دعویٰ کیا کہ عوامی مینڈیٹ نیتن یاہو کے خلاف ہے اور انہیں فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
نتائج ابھی حتمی نہیں۔ فوجیوں، بیرون ملک سفارت کاروں اور دیگر خصوصی زمروں کے ووٹوں کی گنتی باقی تھی، جو نشستوں کی تقسیم پر اثر ڈال سکتی ہے۔ سرکاری حتمی نتائج 4 نومبر کو جاری کیے جانے کی توقع ہے۔