پنشنرز کے لیے بڑی خبر، حکومت نے پنشن کے نئے قواعد جاری کردیئے
وفاقی حکومت نے پنشنرز کی زندگی بدلنے والا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنشن کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کرنے اور ہر 6 ماہ بعد نادرا کے ذریعے لازمی ڈیجیٹل تصدیق کرانے کا حکم جاری کر دیا ہے
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نئے قواعد کے مطابق پنشن کی تصدیق کا پرانا کاغذی طریقہ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ اب پنشن کی رقم براہ راست پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی۔ پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا مجاز نادرا مراکز کے ذریعے اپنی ڈیجیٹل تصدیق کرانا لازمی ہوگی۔
مارچ اور ستمبر میں تصدیق کا سابقہ شیڈول ختم کر دیا گیا ہے اور اب بینک کی جانب سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ طلب نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اکاؤنٹ کو صرف تصدیق نہ ہونے پر ڈورمنٹ نہیں کیا جائے گا، تاہم لگاتار چھ ماہ تک ڈیجیٹل تصدیق نہ ہونے کی صورت میں پنشن کی منتقلی عارضی طور پر روک دی جائے گی جو تصدیق مکمل ہوتے ہی دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔