آئی فون 18 کی آمد سے پہلے آئی فون 17 سستا ہوگیا، قیمت میں بڑی کمی
آئی فون 18 سیریز کی متوقع پیشکش سے پہلے مختلف ممالک میں آئی فون 17 کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی سامنے آگئی ہے. متعدد ریٹیلرز نے نئی ڈیوائسز کے لیے جگہ بنانے اور پرانا اسٹاک ختم کرنے کی غرض سے خصوصی ڈسکاؤنٹ آفرز متعارف کرادی ہیں.
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز اور نئے فولڈ ایبل آئی فون کو 9 ستمبر کو متعارف کرائے جانے کی توقع ہے، جبکہ نئی نسل کے فونز کی آمد سے قبل مارکیٹ میں موجود آئی فون 17 ماڈلز پر رعایت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے. برطانیہ میں ایمیزون کی جانب سے آئی فون 17 سیریز پر ڈسکاؤنٹ میں مزید اضافہ کیا گیا ہے اور آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت لانچ کے وقت مقرر کردہ قیمت کے مقابلے میں 150 پاؤنڈ (پاکستانی کرنسی میں 56 ہزار روپے سے زائد) کم کر دی گئی ہے. اسی طرح عام آئی فون 17 کی قیمت میں بھی 100 پاؤنڈ یعنی 37 ہزار روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ آئی فون ایئر کے 512 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت میں 200 پاؤنڈ یعنی ایک لاکھ 12 ہزار روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے.
یورپ کی مختلف مارکیٹوں میں بھی قیمتوں میں 100 سے 150 یورو (تقریباً 32 ہزار سے 50 ہزار پاکستانی روپے) تک کمی دیکھی گئی ہے. فوربز کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 سیریز کے اعلان کے بعد ایپل کی جانب سے موجودہ آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کی فروخت روکنے کا امکان ہے، اس لیے یہ رعایتی قیمتیں ان صارفین کے لیے خاص موقع بن سکتی ہیں جو آئی فون 17 پرو خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں. دوسری جانب نئی رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو کی قیمت موجودہ نسل کے مقابلے میں تقریباً 100 سے 200 امریکی ڈالر زیادہ ہوسکتی ہے، ایسی صورت میں آئی فون 17 پر ملنے والی موجودہ رعایت صارفین کے لیے نسبتاً پرکشش آپشن ثابت ہو سکتی ہے.