کوئٹہ: بلوچستان میں قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ مقبول بنانے اور اسکولوں کی سطح سے نئے کھلاڑی سامنے لانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت کوئٹہ کے 25 اسکولوں کے طلبہ میں ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔
اس سلسلے میں ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن، محکمہ تعلیم اور محکمہ کھیل کے اشتراک سے تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان عسکر خان تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عسکر خان نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں ہاکی کے میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں اور ان کامیابیوں کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اسکولوں کی سطح پر کھیل کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے معیاری کوچنگ، باقاعدہ تربیت، مناسب کھیلوں کی سہولیات اور مسلسل حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
ڈی جی پی آر بلوچستان کے مطابق 25 اسکولوں کے طلبہ کو ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان فراہم کرنا مثبت پیش رفت ہے، لیکن قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی تیار کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل اسٹاف آفیسر اور بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین شاہ نے کہا کہ صوبے کے نوجوان باصلاحیت اور بلند حوصلہ ہیں، انہیں مناسب مواقع فراہم کرکے قومی سطح کے بہترین کھلاڑی تیار کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، برداشت اور ٹیم ورک جیسی مثبت خصوصیات پیدا کرتے ہیں۔
اسپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم بلوچستان رضوان قدیر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ اسکولوں میں کھیلوں کے مواقع بڑھانے سے طلبہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اجاگر کرسکیں گے۔
مقررین نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور ہاکی کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس سجاد اسلم بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل احمد اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔