ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ بعض معمولی سمجھی جانے والی علامات معدے کے کینسر کی ابتدائی نشانی ہوسکتی ہیں، جن کی بروقت تشخیص انتہائی اہم ہے۔
معدے میں جلن، بدہضمی یا کھانے کے بعد پیٹ پھولنے جیسی شکایات عام سمجھی جاتی ہیں، تاہم طبی ماہرین کے مطابق بعض اوقات یہی علامات معدے کے کینسر کی ابتدائی نشاندہی بھی کرسکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معدے کا کینسر ابتدائی مراحل میں اکثر خاموش رہتا ہے اور بعض مریضوں کو کسی واضح تکلیف کا سامنا نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ بیماری کی تشخیص میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
ابتدائی علامات میں مسلسل بدہضمی، عام ادویات سے ٹھیک نہ ہونے والی سینے کی جلن، متلی، بھوک میں کمی اور معمول سے کم کھانے کے باوجود پیٹ بھر جانے کا احساس شامل ہوسکتا ہے۔
اسی طرح کھانے کے بعد بار بار پیٹ پھولنا یا پیٹ کے اوپری حصے میں مسلسل درد بھی ایسی علامات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کے مطابق بیماری بڑھنے کی صورت میں بغیر کسی واضح وجہ کے وزن کم ہونا، مسلسل پیٹ درد، قے، غیر معمولی تھکن اور کھانا نگلنے میں دشواری جیسی علامات سامنے آسکتی ہیں۔
بعض مریضوں میں خون کی کمی بھی پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ زیادہ سنگین صورتوں میں خون کی آمیزش والی قے، پیٹ میں پانی جمع ہونا یا جلد اور آنکھوں کا زرد پڑنا بھی ممکن ہے۔
تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ ان علامات کا ظاہر ہونا لازمی طور پر معدے کے کینسر کی نشاندہی نہیں کرتا کیونکہ بدہضمی، تیزابیت اور معدے کی دیگر عام بیماریوں میں بھی ایسی شکایات ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر معدے کی کوئی غیر معمولی تکلیف کئی ہفتوں تک برقرار رہے، بھوک مسلسل کم ہو یا بغیر وجہ وزن گھٹنے لگے تو ڈاکٹر سے معائنہ کروانا چاہیے۔
خصوصاً خون کی قے آنے یا پاخانہ سیاہ ہونے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق بروقت تشخیص سے بیماری کے علاج کے امکانات بہتر ہوسکتے ہیں، اس لیے جسم میں آنے والی مسلسل اور غیر معمولی تبدیلیوں کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔