مواد پر جائیں

کوئٹہ 16°C فجر 5:13 ظہر 12:19 عصر 4:26 مغرب 6:05 عشاء 7:25
آج کا ای پیپر ⁦10⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بین الاقوامی

سعودی عرب پر حملوں کے بعد امریکا کا سخت ردعمل، اہم مطالبہ سامنے آگیا

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ریاض ایئرپورٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک امریکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

واشنگٹن: سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد امریکا نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حوثیوں سے حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے تصدیق کی ہے کہ ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے میں ایک امریکی شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔

سعودی عرب پر حملوں کے بعد امریکا کا سخت ردعمل، اہم مطالبہ سامنے آگیا

مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والی ایسی کارروائیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان حملوں سے معصوم شہریوں کی زندگیوں کے لیے بے اعتنائی ظاہر ہوتی ہے اور انہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے میں متعدد بے گناہ افراد جان سے گئے، جن میں ایک امریکی شہری بھی شامل ہے۔

مارکو روبیو نے سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔

سعودی حکام کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں 12 افراد ہلاک اور 309 زخمی ہوئے، جن میں مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حملے کی ذمہ داری حوثیوں پر عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے، تاہم حوثیوں کی جانب سے اس مخصوص حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ امریکا نے شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کی فوری بندش پر زور دیا ہے۔