اسلام آباد: حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے حکومت نے ایک نئی سہولت متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت شہری یکمشت بڑی رقم جمع کرانے کے بجائے بتدریج بچت کرسکیں گے۔
وزارت مذہبی امور، وزارت خزانہ اور قومی بچت نے مشترکہ طور پر سود سے پاک حج سیونگ پلان کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد اس منصوبے کو متعارف کرایا جائے گا، جس کا مقصد عازمین حج کو اخراجات کے لیے پیشگی بچت کا موقع فراہم کرنا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت شہری ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرتے ہوئے ہر ماہ اپنی استطاعت کے مطابق رقم جمع کراسکیں گے۔
اس کے علاوہ بچت کی مدت منتخب کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ خواہشمند افراد اپنی مالی صورتحال کے مطابق حج کے لیے رقم جمع کرنے کا منصوبہ بنا سکیں۔
ترجمان کے مطابق حج سیونگ پلان میں فیملی ٹرانسفر کی سہولت بھی شامل ہوگی، جس کے ذریعے خاندان کے افراد کے درمیان جمع شدہ رقم کی منتقلی ممکن بنائی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ منصوبے کے طریقہ کار، شرائط اور دیگر تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہی اس کے باضابطہ آغاز سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔