دبئی: اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کو مبینہ طور پر ہائی جیک کرنے اور طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے معاون پائلٹ کی شناخت حمام الحمامی کے نام سے سامنے آگئی ہے۔ وہ عمانی شہری ہے۔
متحدہ عرب امارات کے پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 کے معاون پائلٹ نے دورانِ پرواز ایمرجنسی کلہاڑی سے کپتان پر حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اماراتی حکام نے واقعے کو دہشت گرد کارروائی کی کوشش قرار دیا ہے۔
طیارے میں 180 سے زائد مسافر اور عملے کے ارکان موجود تھے۔ واقعے کے دوران طیارہ تیزی سے ہزاروں فٹ نیچے آیا، تاہم زخمی کپتان نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد مسافروں اور عملے نے معاون پائلٹ کو قابو کرلیا۔ بعد ازاں طیارے میں موجود آف ڈیوٹی پائلٹس نے کنٹرول سنبھالا اور اسے سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اتار لیا۔
رپورٹس میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ حمام الحمامی کو اس سے قبل عمان میں انتہا پسندانہ نظریات سے متعلق خدشات کے باعث پرواز سے روک دیا گیا تھا۔ تحقیقات میں اب یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اس پس منظر کے باوجود وہ فلائی دبئی میں پائلٹ کی حیثیت سے کیسے کام کرتا رہا۔
تحقیقاتی ادارے یہ بھی جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا معاون پائلٹ نے اکیلے یہ اقدام کیا یا اس کا کسی شدت پسند تنظیم یا دوسرے افراد سے کوئی تعلق تھا۔ فی الحال اس حوالے سے حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
اس واقعے کے بعد اسرائیل جانے والی بین الاقوامی پروازوں کے پائلٹس اور عملے کی سیکیورٹی جانچ کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں، جبکہ اماراتی حکام کی سربراہی میں تحقیقات جاری ہیں۔