وفاقی سرکاری ملازمین کے نئے پے اسکیل اور الاؤنسز کا اعلان
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے بنیادی پے اسکیل اور مختلف الاؤنسز میں نمایاں ترمیم کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق نیا بنیادی پے اسکیل 2026 یکم جولائی 2026ء سے نافذ العمل ہوگا۔ تمام ملازمین کو 30 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ پرانے یا نئے پے اسکیل کا انتخاب کر سکیں؛ مقررہ مدت میں فیصلہ نہ کرنے کی صورت میں ملازمین کو خودکار طریقے سے نئے اسکیل میں منتقل کر دیا جائے گا۔
نئے فریم ورک کے تحت 2022ء اور 2025ء کے سابقہ ایڈہاک ریلیف الاؤنسز ختم کر کے نئے بنیادی پے اسکیل پر 7 فیصد نیا ایڈہاک ریلیف الاؤنس نافذ کیا گیا ہے، جو انکم ٹیکس کے دائرے میں آئے گا تاہم پنشن یا گریجویٹی کا حصہ نہیں بنے گا۔ جبکہ تمام اسپیشل الاؤنسز اور اسپیشل پے 30 جون 2026ء کی سطح پر منجمد رہیں گے۔ نظام پر عملدرآمد کے دوران پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے ایک خصوصی ‘انوملی کمیٹی’ بھی تشکیل دی گئی ہے۔
الاؤنسز میں اہم اضافے کی تفصیلات:
ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس: مختلف محکموں کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے لیے گریڈ 1 سے 22 کے ملازمین کے لیے 15 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
کنوینس الاؤنس: تمام گریڈز کے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ گریڈ 1 سے 4 کے لیے الاؤنس 1,785 سے بڑھا کر 2,678 روپے، گریڈ 5 سے 10 کے لیے 1,932 سے 2,898 روپے، گریڈ 11 سے 15 کے لیے 2,856 سے 4,284 روپے اور گریڈ 16 سے اوپر کے ملازمین کے لیے 5,000 سے بڑھا کر 7,500 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔
معذور ملازمین کے لیے رعایت: معذور سرکاری ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس کو 6,000 روپے سے بڑھا کر 10,000 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔
ایگزیکٹیو الاؤنس: گریڈ 17 سے 22 کے سینئر افسران کے لیے ایگزیکٹیو الاؤنس میں اضافے اور ترامیم کی منظوری دی گئی ہے، جس کا حساب 30 جون 2026ء کی بنیادی تنخواہ پر لگایا جائے گا اور اس کا اثر جولائی کی تنخواہ میں ظاہر ہوگا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق بیرونِ ملک تعیناتی کے دوران ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔ اس تمام فیصلے سے وزیراعظم آفس، صدارتی سیکرٹریٹ اور وزارتِ خارجہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔